فیروز کیساتھ کام کرنے میں اچھا محسوس نہیں کرتی: اقرا عزیز

اگر کسی پر ایسے الزامات ہیں اور بعد میں وہ غلط ثابت ہوجاتے ہیں تو کیا پھر بھی آپ کام نہیں کریں گی؟ میزبان کا سوال—فوٹو: اسکرین گریب
اگر کسی پر ایسے الزامات ہیں اور بعد میں وہ غلط ثابت ہوجاتے ہیں تو کیا پھر بھی آپ کام نہیں کریں گی؟ میزبان کا سوال—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں سے ایک اقرا عزیز نے فیروز خان کے ساتھ مزید کام نا کرنے کی وجہ بتائی ہے۔

گزشتہ دنوں فیروز خان کی جانب سے سابقہ اہلیہ علیزا پر مبینہ تشدد کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس پر پاکستانی شوبز انڈسٹری سے منسلک کئی معروف شخصیات نے اداکار کے خلاف ردعمل دیا۔

وہیں اقرا عزیز جن کی جوڑی فیروز کے ساتھ ڈرامہ خدا اور محبت میں کافی ہٹ ہوئی تھی، انہوں نے فیروز خان کے ساتھ مزید کام نا کرنے اور ان کی اہلیہ کی حمایت میں کھڑا ہونے کا اعلان کیا۔

اب اسی حوالے سے اداکارہ نے اپنے اس فیصلے پر وضاحت پیش کی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اقرا عزیز  سے میزبان نے یہ سوال کیا کہ کچھ لوگ ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ جب عدالت میں کیس ہے اور اس پر فیصلہ نہیں آجاتا، تو ہم کیسے مان لیں کہ غلطی کس کی ہے۔

 جواب میں اداکارہ نے کہا 'فیروز کے ساتھ کام نا کرنا میرا ذاتی فیصلہ تھا اور میں نے وہ ہی کیا جو مجھے لگا میرے لیے صحیح ہے، مجھے لگا یہ ہی ٹھیک ہے، میں فیروز کے ساتھ کام کرنے میں پر سکون اور اچھا محسوس نہیں کررہی تھی اسی لیے میں نے منع کردیا'۔

اقرا عزیز نے کہا 'میں کسی چیز کا انتظار نہیں کررہی تھی کہ کچھ ثابت ہو تبھی فیصلہ کروں کیونکہ اس سے قبل میں اس کے ساتھ کام کر چکی تھی اور میں اچھا محسوس نہیں کررہی تھی'۔

انہوں نے کہا 'اس وقت ہم اس دور میں ہیں کہ اگر کسی کو کسی کے ساتھ کام کرنا اچھا نہیں لگ رہا تو وہ باآسانی انکار کرسکتا ہے، یہ اس کا حق ہے'۔

اگر الزامات غلط ثابت ہوگئے تو پھر  آپ کا کیا فیصلہ ہوگا؟ میزبان کا سوال

پروگرام کے میزبان نے مزید پوچھا کہ اگر کسی پر ایسے الزامات ہیں اور بعد میں وہ غلط ثابت ہوجاتے ہیں تو کیا پھر بھی آپ کام نہیں کریں گی؟ جواب میں اقرا مسکرائیں اور کہا 'اس بات کو فی الحال چھوڑ دیتے ہیں، جب ہوگا تب دیکھا جائے گا'۔

مزید خبریں :