پاکستان
Time 30 نومبر ، 2022

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو 15 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی)  نے الیکشن کمیشن کو 15ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

گزشتہ روز وزير خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں ای سی سی نے الیکشن کمیشن کو 15ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی ،جس میں سے 5 ارب فوری طور پر جاری کیے جائیں گے۔یہ رقم خرچ ہونے کے بعد دس ارب روپے مزید جاری کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے 47ارب 41کروڑ روپے مانگے تھے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ای سی سی نے تین حکومتی بجلی گھروں کو 93 ارب روپے کی ادائیگیوں کی منظوری دی ۔ تین حکومتی بجلی گھروں کو ادائیگی نجی بجلی گھروں کے برابر ٹیرف پر کی جائے گی۔

ای سی سی کے اجلاس میں ہاؤسنگ و ورکس منسٹری کو مجموعی طور پر 55 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔اس گرانٹ سے گوجرہ اور ڈی آئ خان میں ترقیاتی اسکمیں مکمل کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ سیلاب سے متعلق آگاہی مہم چلانے کے لیے دو ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔تمباکو کی مختلف قسموں کی کم سے کم قیمت مقرر کرنے کی منظری دے دی گئی۔سوڈیم کاربورنیٹ پر ریگولیٹری ڈیوٹی بیس فی صد کم کرکے کے دس فی صد اور فلمنٹ یارن پر پانچ فی صد کی شرح سے ریگولیٹری ڈیو ٹی عائد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی کے اعلامیے کے مطابق کسان پیکج کے تحت زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے ٹیرف 16.6 روپے فی کلو واٹ سے کم کر کے 13روپے فی کلو واٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کےعلاوہ ہاوسنگ کے شعبے کو قرض فراہم کرنے کے لیے عالمی بینک کے منظور شدہ پروگرام کے لیے85 ملین ڈالر کی لاگت سے دوسری سپلیمنٹل ٹرسٹ ڈیڈ لانچ کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

مزید خبریں :