01 دسمبر ، 2022
سندھ حکومت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان قتل کیس کے ملزمان کو رہا نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت نے ملزمان کو ایم پی او کے تحت 3 ماہ نظر بندکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ پروین رحمان کی بہن اور اہل خانہ کو ملزمان سے جان کا خطرہ ہے، ایم پی او قوانین 1960 کے تحت ملزمان کو 3 ماہ نظربند رکھا جائےگا۔
خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ ملزمان کو پروین رحمان قتل کیس سے بری کر چکی ہے، ملزمان میں شامل امجد حسین ، ایاز علی ،احمد علی، محمد رحیم، اور عمران سواتی کو رہائی نہیں ملے گی۔
واضح رہےکہ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان کو 2013 میں کراچی میں قتل کیا گیا تھا اور ان کے کیس میں نامزد ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دسمبر 2021 میں 2،2 بار عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے گزشتہ دنوں ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا تھا۔