01 دسمبر ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے مستقبل کے بارے میں حتمی مشاورت کی جائے گی۔
آخر کار عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ملاقات ہوگئی لیکن اسمبلی توڑنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، کئی دن سے شیڈول پرویز الٰہی اور عمران خان کی زمان پارک لاہور میں ملاقات پنجاب اسمبلی توڑنے سے متعلق فیصلے پرمشاورت تک محدود رہی۔
ملاقات کے بعد عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا، اب کل ہونے والے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کےمستقبل کےبارےمیں حتمی مشاورت ہو گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے، عمران خان جو کہیں گے بلا تردد عمل کریں گے ۔
ملاقات کے بعد پرویز خٹک نے کہاکہ فیصلہ وہی ہوگاجو عمران خان کہیں گے، پرویز الٰہی اسی پر عمل کریں گے ، ہر چیز پر اتفاق ہے، کوئی ایشو نہیں، چوہدری اور ہم سب ایک ہیں، خان صاحب ہم سب کے لیڈر ہیں، پرویز الٰہی اپنی بات پر کھڑے ہیں۔
ق لیگ کے مونس الٰہی نے کہاکہ ملاقات میں پرویز الٰہی نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت اعلیٰ عمران خان کی ملکیت ہے، عمران خان جب چاہیں گے اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، پنجاب اسمبلی کیا عمران کیلئے جان بھی حاضر ہے ۔