آئی فون نے برف میں پھنس جانے والے ایک شخص کی زندگی بچالی

ریاست الاسکا میں اس فیچر سے ایک شخص کو بچانے میں مدد ملی / فوٹو بشکریہ ایپل
ریاست الاسکا میں اس فیچر سے ایک شخص کو بچانے میں مدد ملی / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں حال ہی میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا اور اس نے ایک شخص کی زندگی بچالی۔

خیال رہے کہ ایپل کی آئی فون 14 سیریز کو ستمبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

اس سیریز کے فونز میں کمپنی نے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنے کی سہولت فراہم کرنے والا سیٹلائیٹ کنکٹویٹی فیچر نومبر میں امریکا اور کینیڈا میں متعارف کرایا تھا۔

اس فیچر کی بدولت صارفین ایمرجنسی حالات میں ایسے علاقوں سے بھی امدادی اداروں کو ٹیکسٹ میسج بھیج سکتے ہیں جہاں سیلولر یا وائی فائی کوریج موجود نہیں ہوتی۔

اس فیچر کے ذریعے 2 دسمبر کو ریاست الاسکا کے برفانی علاقے میں پھنس جانے والے شخص کو بچانے میں مدد ملی۔

2 دسمبر کو رات 2 بجے الاسکا اسٹیٹ ٹروپرز کو ایک شخص کی جانب سے نوٹیفکیشن ملا جو Noorvik سے Kotzebue جارہا تھا۔

اس شخص کی اسنو مشین راستے میں خراب ہوگئی تھی اور وہاں وائی فائی یا سیلولر سگنل موجود نہیں تھے۔

خوش قسمتی سے اس کے فون میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کا فیچر ان ایبل تھا جسے استعمال کرکے اس نے امداد کے لیے نوٹیفکیشن بھیجا۔

ایپل کے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر نے الاسکا کے مقامی حکام کے ساتھ مل کر اس شخص تک امدادی ٹیم کی رسائی کو یقینی بنایا۔

اس شخص کو 2 دسمبر کی صبح 6 بجے Nimiuk Point میں دریافت کیا گیا اور Kotzebue لے جایا گیا۔

حکام کے مطابق اگر اس شخص کے فون میں یہ فیچر نہ ہوتا تو اسے کئی گھنٹے یا دن تک علاقے میں بھٹکنا پڑتا۔

واضح رہے کہ کمپنی کے مطابق 2 برس تک یہ سروس صارفین کے لیے مفت ہوگی، البتہ اس کے بعد کیا فیس لی جائے گی یہ ابھی نہیں بتایا گیا۔

اسی طرح یہ بھی معلوم نہیں کہ امریکا اور کینیڈا سے باہر آئی فون صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :