کھیل

فیفا ورلڈکپ : برازیل کے 36 منٹ میں چار گول،کوریا کو ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا 

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ میچ میں برازیل نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی۔

سابق عالمی چیمپئن برازیل نے پری کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کے دفاع کو پارہ پارہ کرتے ہوئے پے درپے گول کر کے ایک کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کر کے فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ 

برازیلین کھلاڑیوں نے 36 منٹ کے کھیل میں چار گول کر کے کورین ٹیم کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کی خواہش کا قلع قمع کر دیا ۔میچ کا پہلا ہاف کورین ٹیم کیلئے تباہ رہا لیکن دوسرے ہاف میں انہو ں نے صرف ایک گول کیا بلکہ برازیلین گول پر کئی حملے بھی کیے لیکن برازیلین گول کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے انہیں ناکام بنایا۔

اسٹیڈیم 974 پر کھیلے جانے والے میچ میں ونی جونیئر نے ساتویں منٹ میں میچ کا پہلا گول کر کے برازیل کو برتری دلوائی ،اس کے بعد مختصر وقفوں کے ساتھ نیمار نے پینلٹی پر گول کر کے ٹیم کی برتری 2-0کی، رچرلیسن نے تیسرا اور لوکاس پاکیوٹا نے گول کر کے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ٹیم کا اسکور 4-0 کردیا۔

جنوبی کورین کھلاڑیوں نے بھی گول کرنے کی کوشش کی لیکن اسے برازیلین گول کیپر نے ناکام بنایا۔ دوسرے ہاف میں بھی برازیلین کھلاڑیوں نے کوریا پر دباؤ برقرار رکھا اور کورین گول پر مسلسل حملے کرتے رہےلیکن کورین گول کیپر کی عمدہ کارکردگی کے باعث گول نہ کرسکے۔ 

تاہم 76ویں منٹ میں ڈی کے باہر سے ملنے والی فری ہٹ پر کورین کھلاڑی پائک سیونگ نے کئی کھلاڑیوں کے درمیان سے گیند کوجال میں پھینک کر ٹیم کا خسارہ 4-1 کیا۔

کوارٹر فائنل میں برازیل کا مقابلہ کروشیا سے ہوگا۔

اس سے قبل پری کوارٹر فائنل کے میچ میں کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر جاپان کو شکست  دی۔

مزید خبریں :