07 دسمبر ، 2022
آئی جی اسلام آباد نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق 5 رکنی جے آئی ٹی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر کو جے آئی ٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی میں ایس پی صدر، ایس ایچ او رمنا اور تفتیشی آفیسر شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کا پانچواں ممبر آئی جی اسلام آباد کی صوابدید پر کوئی بھی آفیسر ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے واقعے کی ایف آئی آر گزشتہ رات تک درج کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے حکم پر گزشتہ روز ہی ارشد شریف قتل کیس کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔