Time 07 دسمبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'ارباز کو شادی کیلئے میں نے پروپوز کیا تھا'، ملائکہ نے اپنی طلاق کی وجہ بتادی

میری شادی کافی چھوٹی عمر میں ہوگئی تھی، میں شادی کرنا چاہتی تھی کیونکہ کسی طرح مجھے اپنے گھر سے باہر نکلنا تھا: اداکارہ—فوٹو: اسکرین گریب
میری شادی کافی چھوٹی عمر میں ہوگئی تھی، میں شادی کرنا چاہتی تھی کیونکہ کسی طرح مجھے اپنے گھر سے باہر نکلنا تھا: اداکارہ—فوٹو: اسکرین گریب

بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا نے اپنی اور ارباز خان کی طلاق کی وجہ بتائی ہے۔

ملائکہ اروڑا کے نئے ڈیجیٹل شو ’موونگ اِن ود ملائکہ‘ کی پہلی قسط میں معروف ڈائریکٹر اور کوریوگرافر فرح خان ان کی مہمان بنیں جنہوں نے ناصرف اپنی زندگی سے متعلق بات کی بلکہ ملائکہ کی زندگی کے چند راز بھی بتائے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ نے بتایا 'میری شادی کافی چھوٹی عمر میں ہوگئی تھی، میں شادی کرنا چاہتی تھی کیونکہ کسی طرح مجھے اپنے گھر سے باہر نکلنا تھا، فرح چاہے آپ یقین کریں یا نہیں، وہ میں تھی جس نے ارباز کو شادی کی پیشکش کی تھی'۔

ملائکہ کی یہ بات سُن کر فرح خان کی حیرت کی انتہا نہ رہی، انہوں نے سوال کیا 'کیا واقعی؟ یہ ایک ایسی بات ہے جس کا یقیناً لوگوں کو علم نہیں ہوگا'۔

بات جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے کہا 'جی ہاں! وہ ارباز نہیں تھا جس نے مجھے پروپوز کیا، وہ میں تھی، میں نے اس سے کہا میں تم سے شادی کرنا چاہتی ہوں ، کیا تم تیار ہو؟، جواب میں ارباز میری طرف بڑھا اور پیار سے کہا تم بس جگہ اور دن منتخب کرلو'۔

اپنی طلاق کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے ملائکہ کا کہنا تھا کہ 'ارباز بہت ہی اچھا انسان تھا، دراصل ہم دونوں ہی کم عمر تھے، ہم چیزوں کو سمجھ نہیں سکے'۔

ملائکہ اروڑا نے یہ بھی بتایا کہ فلم دبنگ کی ریلیز تک سب کچھ ٹھیک تھا لیکن بعد میں چیزیں خراب ہوئیں، ہم چڑچڑے ہوگئے، ہم منفی سوچ رکھنے لگے تھے، ایک دوسرے سے جھگڑتے رہتے تھے، اسی لیے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت مجھے کرن جوہر اور فرح خان کا فون آیا، انہوں نے مجھے کافی تسلی دی جس کی وجہ سے میں ہمیشہ ان کی شکر گزار رہوں گی، یہ کہتے ہوئے ملائکہ آبدیدہ ہوگئیں جس کے بعد فرح نے انہیں گلے لگایا۔

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کی شادی 1998 میں ہوئی تھی جب کہ 19 سال بعد 2017 میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :