08 دسمبر ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی زلفی بخاری کے سلام کا جواب دینے کے بعد ان کی طبیعت پوچھتی ہیں اور ان سے عمران خان کی گھڑیوں کو بیچنے کا ذکر کرتی سنی جاسکتی ہیں۔
مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی زلفی بخاری کو بتا رہی ہیں کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں انھوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں تاکہ آپ ان کو کہیں بیچ دیں۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کیوں کہ وہ ان کے استعمال کی نہیں ہیں اس لیے وہ چاہ رہے ہیں کہ آپ انھیں کہیں (فروخت) کر دیں۔ جس کے جواب میں زلفی بخاری کہتے ہیں ضرور مرشد میں کردوں گا۔
عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کی گھڑیوں کے فروخت اور بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر جیو نیوز نے عمران خان ، ان کی اہلیہ بشری بی بیٰ، زلفی بخاری، شہزاد اکبر اور شبلی فراز سے رابطے کی بارہا کوششیں کیں، تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔