09 دسمبر ، 2022
شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل نے برطانیہ اور شاہی خاندان پر جارحانہ اور ناقابل یقین انداز سے تنقیدکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جوڑےنے ایک شو میں شاہی گھرانہ چھوڑنے اور نسل پرستی پر کھل کر بات کرتے ہوئے آنجہانی ملکہ الزبتھ کو بھی نہ بخشا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہیری اور میگھن کہانی گھڑنے کی کوشش میں پانچ بارمؤقف بدلتے رہے۔
دوسری جانب ٹوری رکن پارلیمنٹ باب سیلی نے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل سے ڈیوک اور ڈچز کے شاہی القابات واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
کچھ روز قبل برطانوی شاہی خاندان سے متعلق امور پر نظر رکھنے والے ماہر نے خبردار کیا تھا کہ اگر شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں ملکہ کمیلا (اپنی سوتیلی والدہ) پر تنقید کی تو کنگ چارلس ان کے لیے اپنے دروازے بند کردیں گے۔
خیال رہےکہ شہزادہ ہیری کی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ‘اسپیئر’ 10 جنوری کو مارکیٹ میں آرہی ہے جو کہ اشاعت سے قبل ہی متنازع سمجھی جارہی ہے۔