10 دسمبر ، 2022
کراچی میں رواں سال 26 ہزار سے زائد افراد کتوں کے کاٹنے کے باعث اسپتال لائے گئے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں آوارہ کتوں کا راج سال بھر ہی رہا جس سے نمٹنے کیلئے شہری انتظامیہ ناکام رہی۔
حکام کے مطابق رواں سال کتوں کے کاٹنے کے باعث 9829 افراد جناح اسپتال لائےگئے جب کہ سول اسپتال میں 7733، انڈس اسپتال میں 9 ہزار افراد کتے کے کاٹنے کے باعث زخمی حالت میں لائےگئے۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ متاثرہ افراد میں 83.6 فیصد مرد اور 16.4 فیصد خواتین شامل ہیں۔
اسپتال حکام کے مطابق بچے بھی کتوں کے کاٹنے کا شکار بنے،کتے کے کاٹنے سے متاثر 32 فیصد افراد کی عمر 14 سال تک ہے جب کہ 68 فیصد متاثرین کی عمریں 14سال سے زائد ہے۔
حکام نے بتایا کہ رواں سال زخمی ہونے والے 78 فیصد افراد آوارہ کتوں کا شکار ہوئے اور 22 فیصد افراد پالتو کتے یا بلی کےکاٹنے سے زخمی ہوئے۔
کراچی میں نومبر اور دسمبر میں کتے کے کاٹنے کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جب کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جولائی سے اب تک 781 افرادکتے کے کاٹنے سے متاثر ہوئے۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں اینٹی ریبیز ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے۔