Time 11 دسمبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

تمام اسمارٹ فونز کے لیے ایک ہی چارجر کا استعمال کب تک ممکن ہوگا؟

یورپی قانون کے مطابق کمپنیوں کو 28 دسمبر 2024 تک اس بات کو یقینی بنانا ہوگا / فائل فوٹو
یورپی قانون کے مطابق کمپنیوں کو 28 دسمبر 2024 تک اس بات کو یقینی بنانا ہوگا / فائل فوٹو

آئندہ 2 برس کے اندر ہر اسمارٹ فون کے لیے ایک ہی چارجر اور کیبل کا استعمال ہوگا۔

یورپی یونین کی جانب سے 28 دسمبر 2024 تک تمام اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر ڈیوائسز میں یو ایس بی سی پورٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کی موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا۔

اب یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ کمپنیوں کو اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے۔

اس قانون کو یورپی یونین کے آفیشل جرنل میں شائع کیا گیا جس کے بعد اس کا نفاذ 20 دن میں ہوگا اور پھر یورپی ممالک کے پاس اسے ملکی سطح پر قانون بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 24 ماہ کی مہلت ہوگی۔

اس وقت اسمارٹ فونز میں چارجنگ کے لیے مختلف اسٹینڈرڈ استعمال ہوتے ہیں جیسے اینڈرائیڈ فونز میں مائیکرو یو ایس بی یا یو ایس بی سی پورٹ جبکہ ایپل کے آئی فونز میں لائٹننگ کنکٹرز۔

آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی کنکٹرز کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ یورپی قانون سے ایپل سب سے متاثر ہوگی کیونکہ وہ یو ایس بی سی پورٹس استعمال نہیں کرتی۔

ایپل کی جانب سے پہلے ہی قانون پر عملدرآمد کا عندیہ دیا جاچکا ہے اور مختلف رپورٹس کے مطابق 2023 کے آئی فونز میں یو ایس بی سی پورٹ متعارف کرائی جاسکتی ہے۔

اس قانون کا اطلاق ان ڈیوائسز پر ہوگا جن کو تار سے چارج کیا جاسکتا ہے یعنی وائرلیس چارجنگ والی ڈیوائسز پر یو ایس بی سی پورٹ کا استعمال لازمی نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :