Time 12 دسمبر ، 2022
کھیل

ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے پر سوالات اٹھ گئے

کامران اکمل نے تھرڈ امپائر کے فیصلے کو حیران کن قرار دیدیا۔ فوٹو اسکرین گریب
کامران اکمل نے تھرڈ امپائر کے فیصلے کو حیران کن قرار دیدیا۔ فوٹو اسکرین گریب

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بیٹر سعود شکیل کو تھرڈ امپائر کی جانب سے آؤٹ قرار دیے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھ گئے۔

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سعود شکیل 94 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مارک ووڈ کی ایک گیند سعود شکیل کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹوں کے پیچھے گئی جسے اولی پوپ نے ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ کر لیا۔

انگلش بولر، وکٹ کیپر اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ آؤٹ کی اپیل کی گئی تاہم امپائر علیم ڈار نے فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑ دیا۔

تھرڈ امپائر نے کئی بار ویڈیو کو غور سے دیکھنے کے بعد سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیا۔

سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر اسے متنازع کیچ قرار دیکر کہا گیا کہ شک کا فائدہ بیٹر کو جانا چاہیے تھا۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اولی پوپ نے کلین کیچ لیا؟

پاکستان کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے بھی سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ میرے خیال سے یہ آؤٹ نہیں تھا۔

خیال رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کے لیے مزید 64 رنز درکار ہیں اور اس کی 3 وکٹیں باقی ہیں۔

مزید خبریں :