12 دسمبر ، 2022
انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز اپنے نام کر لی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے پاکستان کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میزبان ٹیم پاکستان کے سعود شکیل اور فہیم اشرف نے جیت کے تعاقب میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 198رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
چوتھے روز محمد نواز نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 45 رنز بنائے، اس کے علاوہ ابرار احمد نے برق رفتار 17 رنز بنائے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔
ٹیسٹ کا تیسرا روز:
تیسرے روز کے اختتام پر کریز پر فہیم اشرف اور سعود شکیل موجود تھے، دونوں کے رنز بالترتیب 3 اور 54 تھے۔
عبداللہ شفیق کے ہمراہ اوپننگ کے لیے آنے والے محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان بابر اعظم ایک رن پر اولی روبنسن کا شکار بنے۔
عبداللہ شفیق کو 45 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا۔ دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف کے باعث ایم آر آئی کروا کر اسٹیڈیم واپس آنے والے امام الحق 60 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل تیسرے روز مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف دیا گیا۔
ٹیسٹ کا دوسرا روز:
انگلینڈ کے زیک کرالی 3، بین ڈکٹ 79، ول جیکس 4، اولی پوپ 4، جو روٹ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ابرار احمد نے 3 وکٹ لیں جب کہ زیک کرالی اور اولی پوپ کو رن آؤٹ کیا گیا۔
انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم پہلے سیشن میں انگلینڈ کے 281 رنز کے جواب میں محض 202 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 سے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کے 8 بیٹرز دوسرے روز محض 95 رنز مجموعی اسکور میں جوڑ سکے۔
کپتان بابراعظم 75 ، سعود شکیل 63 ، محمد رضوان 10، آغا سلمان 4، محمد نواز 1 جبکہ محمد علی صفر پر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف 22، زاہد محمود صفر جبکہ ابرار احمد نے ناقابل شکست 7 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، جو روٹ نے 2 جب کہ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز:
ملتان ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستانی مداحوں کے لیے کافی اچھا رہا کیونکہ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے انگلش ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ابرار نے ڈیبیو ٹیسٹ میں جن بیٹرز کو آؤٹ کیا ان میں زیک کرالی 19، بین ڈکٹ 63، اولی پوپ 60، جو روٹ 8، ہیری بروک 9، کپتان بین اسٹوکس 30، ول جیکس 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ زاہد محمود نے اولی روبنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن کی وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ کے آغاز پر اوپنر امام الحق صفر جب کہ عبداللہ شفیق 14پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم اور سعود شکیل نے 90 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔