کیفی نے خود کہا آپ کی آواز میں ’کہانی سُنو‘ گانا سننا چاہتا ہوں: آئمہ بیگ

لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا—فوٹو: اسکرین گریب
لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا—فوٹو: اسکرین گریب

معروف گلوکار آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ کیفی خلیل کا سپر ہٹ گانا 'کہانی سُنو' اس لیے گایا کیونکہ میرا دل ٹوٹا ہوا تھا اور اس گانے کے الفاظ میری صورتحال سے کافی مماثلت رکھتے تھے۔

گزشتہ دنوں آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پر ٹیزر جاری کیا اور بتایا کہ انہوں نے کیفی خلیل کا گانا کہانی سنو اپنی آواز میں گایا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کافی ناراض دکھائی دیے۔

صارفین نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے پہلے سے مقبول گانے کا خراب کردیا، لوگوں نے گلوکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سمیت یوٹیوب پر تبصرے کیے اور انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

تاہم اب آئمہ بیگ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ انہوں نے یہ گانا اپنی آواز میں کیوں گایا۔

گلوکارہ نے کہا کہ 'جس وقت یہ گانا سنا اسی وقت میں کیفی کی آواز، اس کے ٹیلنٹ اور گانے کے الفاظ سے متاثر ہوئی، گانے کے الفاظ میری اس وقت کی صورتحال سے ملتے جلتے تھے اور اسی لیے یہ گانا بھی گایا کیونکہ میرا دل ٹوٹا ہوا تھا،جو کہ اب جُڑ چکا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'گانا سنتے ہی میں نے کیفی سے رابطہ کیا اور کہا میں آپ کے گانے کا کور کرنا چاہتی ہوں، کیفی انتہائی اچھا اور خوبصورت انسان ہے، اس نے کہا آپ جو کرنا چاہتی ہیں کریں، میں خود بھی آپ کی آواز میں یہ گانا سننا چاہتا ہوں'۔

آئمہ نے کہا 'کیفی کے اس گانے نے میرے دل کو جوڑنے میں بہت مدد کی ہے، کیفی نے وہ گانا پہلے ہی گا دیا جو میں گانا چاہ رہی تھی، اسی لیے میں نے اس کا فی میل ورژن گایا'۔

خیال رہے کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے کیفی خلیل نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘کو جون 2021 میں ریلیز کیا تھا، اس کے بعد کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا جسے لوگوں نے بے حد پیار دیا۔

مزید خبریں :