12 دسمبر ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے مشاورتی اجلاس میں پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑی جائے گی، پی ٹی آئی کےارکان قومی اسمبلی ایوان میں دوبارہ پیش ہو کر استعفے دیں گے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
اجلاس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی غیر مؤثرپالیسوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، معاشی اور سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ جلد شفاف انتخابات ہیں۔