Time 12 دسمبر ، 2022
پاکستان

سینیٹ میں ریکوڈک منصوبے سے متعلق غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل منظور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پی ٹی آئی سینیٹرز کے احتجاج اور سینیٹر رضا ربانی سمیت چار حکومتی سینیٹرز کی مخالفت کے باوجود سینیٹ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا بل منظور کر لیا۔

 بل کے تحت 50 کروڑ ڈالر اور  اس سے زائد کی سرمایہ کاری پرٹیکس اتھارٹی کی انکوائری اورایکشن سے تحفظ حاصل ہوگا۔

بل قومی مفاد میں وسیع پیمانے  پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور مستحکم ترقی کے لیے ہے، بل غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے ، ٹیکسسز، ٹرانسفر اور واپسی میں ریلیف سے متعلق ہے۔

بل کے مطابق وفاقی حکومت اضافی سرمایہ کاری، صنعت اور منصوبوں کو بطور  اہل سرمایہ کاری نوٹی فائی کرے گی، اہل سرمایہ کاری 50 کروڑ ڈالر سے کم نہ ہوگی، بل کے تحت ان سرمایہ کاری کا تحفظ ہوگا جو بین الاقوامی معاہدوں کے تحت ہوں  گی، اہل سرکایہ کار کو بینک ٹرانزیکشن میں سیکریسی حاصل ہوگی ۔

بل کے مطابق اکاؤنٹ کو کسی ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے انکوائری اور ایکشن سے تحفظ حاصل ہوگا، اکاؤنٹس کو ویلتھ ٹیکس، انکم ٹیکس اور زکوٰۃ سے استثنٰی حاصل ہوگا، وفاقی حکومت بل کے پہلے، دوسرے اور تیسرے شیڈیول میں ترمیم نہیں کرسکےگی، پہلے شیڈیول کے تحت ریکوڈک منصوبے کو اہل سرمایہ کاری میں شامل کر دیا گیا ہے۔

دوسرے شیڈیول کے مطابق ریکوڈک منصوبےکی پیداوار کے  آغاز  سے 15 سال تک انکم ٹیکس صفر رہےگا ، اس کے بعد 1 فیصد ٹیکس ہوگا، ریکوڈک منصوبے کی پیداور کے 15 سال مکمل ہونے لے بعد بھی 20 فیصد سے زائد ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگائیں گے، انکم ٹیکس سے متعلق معاہدہ 30 سال کے لیے ہوگا۔

تیسرے شیڈیول کے مطابق ریکوڈک منصوبے سے متعلق سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اندر  اور  باہر ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھولنے اور  آپریٹ کرنے کی اجازت ہو گی، اسٹیٹ بینک اور کوئی مالیاتی ادارہ بینک سے پیسے نکلوانے اور جمع کرانے پر پابندی عائد نہیں کرےگا۔

مزید خبریں :