15 دسمبر ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدے ثبوت ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ کچھ پراجیکٹس سائن کررہے ہیں، اے ڈی بی سے اچھی شرائط پر 2.7 ارب ڈالرکے قرض کا معاہدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ صرف اپریل سے اب تک 2.3 ارب ڈالرکےقرض کے معاہدے کیے ہیں، اگر پاکستان کے ڈیفالٹ کا خدشہ ہوتا تو یہ معاہدے نہیں ہوسکتے تھے ، معاہدے ثبوت ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا، صرف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
انہوں مزید کہا کہ جو تاثر پھیلایا جارہا ہے کہ پاکستان بینکرپٹ ہورہا ہے یا مالی مسائل میں ہے ایسی کوئی بات نہیں، اگر ایسی کوئی صورتحال ہوتی تو معاہدہ نہ ہوتا، اے ڈی بی کو اعتماد ہے اس لیے سائن کررہے ہیں۔