17 دسمبر ، 2022
لاہور: پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس جاری ہے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو اپنی رائے سے آگاہ کر دیا ہے۔
عمران خان کی زمان پارک والی رہائشگاہ پر جاری اجلاس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، پرویز خٹک، شبلی فراز علی امین گنڈا پور اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے زمان پارک پہنچے، مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد پرویز الٰہی زمان پارک سے روانہ ہو گئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے حتمی تاریخ پر مشاورت جاری ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں آج کے جلسے کی تقریر اور سیاسی و معاشی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ق لیگ اسمبلی توڑنے سے متعلق مناسب وقت کے تعین کی خواہاں ہے، ق لیگ کا کہنا ہے کہ اپنی رائے سامنے رکھ دی ہے، حتمی فیصلے کا اختیار عمران خان کے پاس ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اپنی رائے سے آگاہ کر دیا ہے اور پرویز الٰہی نے عمران خان کو گزشتہ روز راولپنڈی میں ہونے والی اہم ملاقات کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے آج اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے۔