5 منٹ کے اندر نیند کو یقینی بنانے میں مددگار طریقے

بے خوابی کا مسئلہ بہت عام ہے / فائل فوٹو
بے خوابی کا مسئلہ بہت عام ہے / فائل فوٹو

اکثر افراد کو بستر پر لیٹنے کے بعد سونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

ویسے تو لیٹتے ہی گہری نیند میں چلے جانا متعدد طریقوں سے ممکن ہے مگر 5  منٹ کے اندر ایسا کرنا کسی فن سے کم نہیں۔

کچھ افراد کے لیے مطالعہ کرتے ہوئے یا موسیقی سنتے ہوئے سونا آسان ہوتا ہے جبکہ دیگر ذرا مشکل طریقوں پر عمل کرتے ہیں۔

دوسری جانب ایسے افراد کی تعداد بھی کم نہیں جن کو بستر پر لیٹ کر کروٹیں بدلنا پڑتی ہیں اور پھر بھی نیند نہیں آتی۔

اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو درج ذیل طریقوں پر عمل کرکے اچھی نیند کو یقینی بناسکتے ہیں۔

مگر یہ کوئی جادوئی گولی نہیں بلکہ آپ کو ان طریقوں کی مشق کرنا ہوگی اور چند دن میں 5 منٹ کے اندر سونا ممکن ہوجائے گا۔

بستر پر جانے سے قبل ڈیوائسز سے دور رہیں

اسمارٹ فونز، کمپیوٹر اور ٹیبلیٹ جیسی ڈیوائسز سے نیلی روشنی خارج ہوتی ہے۔

یہ نیلی روشنی جسمانی گھڑی کے افعال پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اور نیند کو دور بھگا دیتی ہے۔

تو سونے سے کم از کم 15 سے 30 منٹ پہلے ان ڈیوائسز سے دور ہوجائیں یا کم از کم فون کو ائیرپلین موڈ پر سوئچ کردیں۔

ورزش کو معمول بنائیں

ضروری نہیں کہ جم کا رخ کریں یا گھر سے باہر جاگنگ کریں مگر دن بھر میں 30 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنا ضرور عادت بنائیں۔

جسمانی سرگرمیوں سے نیند کا معیار اور دورانیہ بہتر ہوتا ہے جبکہ تناؤ میں کمی آتی ہے جس سے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جلد سونے میں مدد ملتی ہے۔

نیند کا وقت طے کریں

نیند کا مخصوص وقت جلد سونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ہمارے جسم کا اپنا ریگولیٹری سسٹم ہوتا ہے اور اندرونی گھڑی دن میں ذہنی طور پر مستعد رکھتی ہے جبکہ رات کو غنودگی طاری کرتی ہے۔

روزانہ مخصوص وقت پر سونے کے لیے لیٹنے اور صبح جاگنے سے اندرونی گھڑی کو معمول برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

جب ہمارا جسم نیند کے معمول کا عادی ہوجاتا ہے تو مخصوص وقت پر سونا اور جاگنا آسان ہوجاتا ہے۔

چائے یا کافی سے گریز

چائے یا کافی میں موجود کیفین جسمانی طور پر مستعد بنانے کے لیے اہم غذائی جز ہے مگر رات کو ان  مشروبات کا استعمال نیند کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

ویسے تو ہر فرد پر کیفین کے اثرات مختلف ہوسکتے ہیں مگر بہتر یہ ہے کہ نیند کے وقت سے چند گھنٹے پہلے ہی ان سے دوری اختیار کرلیں۔

مطالعہ کریں

کچھ دیر مطالعہ کرنے سے بھی جلد سونے میں مدد مل سکتی ہے۔

سانس لینے کا مخصوص طریقہ

ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک ماہر نے بے خوابی کا ایک آسان حل پیش کیا ہے اور اس کی مدد سے آپ ایک منٹ میں بھی سونے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ہارورڈ کے ڈاکٹر اینڈریو ویل کے مطابق یہ ایک قدرتی ٹوٹکا ہے جو صدیوں سے مختلف افراد استعمال کررہے ہیں۔

اس طریقے کو 4-7-8 کا نام دیا گیا ہے اور یہ سننے یا بولنے جتنا ہی آسان ہے۔

سب سے پہلے بستر پر سکون سے لیٹ جائیں اور پھر اپنی ناک سے 4 سیکنڈ کے لیے سانس لیں، اس کے بعد 7 سیکنڈ کے لیے سانس روک لیں اور پھر منہ سے 8 سیکنڈ میں آہستگی سے سانس خارج کریں۔

یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک نیند نہیں آجاتی اور اکثر اوقات لوگ اسے آزما کر ایک منٹ کے اندر ہی سونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :