21 دسمبر ، 2022
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کے نئے ڈکلیئریشن کے بعد چوہدری پرویز الٰہی آج وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب 4 بجے کے بعد نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے، نئے ڈکلیئریشن کے مطابق پرویز الٰہی وزیراعلی نہیں رہیں گے، گورنر پنجاب،وزیراعظم کو گورنر راج لگانے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی مبینہ آڈیو سے متعلق سوال پر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جو آڈیو ہے یہ حقیقت ہے، عمران خان کی ویڈیو بھی موجودہیں جو آڈیو میں ہے وہ ویڈیو میں ہے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا گورنر پنجاب نے آئین کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے، گورنر نے اعتماد کے ووٹ کے لیے آج 4 بجے تک اجلاس بلانے کا کہا ہے، گورنر کا طلب کردہ اجلاس چار بجے ہی ہونا ہے گیارہ بجے نہیں ہونا، گورنر کی نئی ڈکلیئریشن کے بعد پرویز الہٰی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت سے پرویز الہٰی کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا جبکہ اسپیکر کی رولنگ کی ہمیں ضرورت نہیں ہے۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں کر رہی، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھ رہی ہے اس کی وجہ صوبائی حکومت ہے کیونکہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی ذمہ داریاں ادانہیں کررہی۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے لیے ہمارے امیدوار حمزہ شہباز ہیں لیکن پارٹی فیصلہ کرے گی۔