Time 22 دسمبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

ایک کنسرٹ کو بچانے کیلئے جان بوجھ کر خود کو کووڈ کا شکار بنانے والی گلوکارہ

اداکارہ نے خود سوشل میڈیا پر یہ انکشاف کیا / فائل فوٹو
اداکارہ نے خود سوشل میڈیا پر یہ انکشاف کیا / فائل فوٹو

چین میں کورونا وائرس کی نئی لہر تشویشناک تیزی سے پھیل رہی ہے مگر ایک معروف گلوکارہ نے محض اپنے ایک کنسرٹ کے لیے خود کو جان بوجھ کر کووڈ کا شکار بنایا۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق چین کی ایک معروف گلوکارہ جین زینگ نے جان بوجھ کر خود کو کورونا وائرس کا شکار بنانے کا انکشاف کیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔

گلوکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر خود کو کووڈ 19 کا شکار اس لیے بنایا تاکہ وہ سال نو کے موقع ہونے والے کنسرٹ کے دوران محفوظ رہ سکیں۔

چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر ایک پوسٹ میں جین زینگ نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر اپنے ایسے دوستوں کے ساتھ گھومتی رہی تھیں جن میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوچکی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے ڈر تھا کہ بیماری سے سال نو پر میری پرفارمنس متاثر ہوسکتی ہے تو میں ایسے افراد سے ملی جن میں کووڈ کی تشخیص ہوچکی تھی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان میں بیماری کی علامات ایک دن بعد ختم ہوگئی تھیں جس سے ان کا جسمانی وزن کچھ کم ہوگیا۔

جین زینگ / فائل فوٹو
جین زینگ / فائل فوٹو

38 سالہ گلوکارہ کے مطابق 'پورا دن سونے کے بعد میری علامات ختم ہوگئیں، میں نے ادویات استعمال نہیں کیں بلکہ بہت زیادہ پانی پیا اور وٹامن سی کا استعمال کیا'۔

یہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد نے گلوکارہ کے رویے کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔

لوگوں کی تنقید کے بعد گلوکارہ نے اس پوسٹ کو سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کرنے کے بعد عوام سے معافی مانگی۔

انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ 'میں نے سابقہ پوسٹس کے بارے میں زیادہ نہیں سوچا، میں عوام سے معافی مانگتی ہوں، مجھے بس یہ ڈر تھا کہ کنسرٹ کے دوران مجھے کووڈ کا سامنا نہ ہو اور میرا خیال تھا کہ ایسا ہونا ناگزیر ہے تو  مجھے یہ بہتر لگا کہ اس سے پہلے ہی خود بیمار ہوکر صحتیاب ہوجاؤں'۔

مزید خبریں :