بے خوابی کے مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار آسان حل

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کیا رات کو بستر پر لیٹنے کے بعد نیند نہیں آتی اور بستر پر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں؟ تو اس کا حل بہت آسان ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واشنگٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن کی روشنی میں زیادہ وقت گزارنا رات کو اچھی نیند کے حصول میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

اس تحقیق میں کالج کے 507 طالبعلموں کو شامل کیا گیا تھا اور دریافت ہوا کہ دن میں زیادہ وقت کمروں کے اندر رہنا بے خوابی کا شکار بناسکتا ہے یا نیند کا دورانیہ کم کرسکتا ہے۔

تحقیق کے لیے ان افراد کو ٹریکر پہنائے گئے تھے تاکہ جسمانی سرگرمیوں اور روشنی میں رہنے کے وقت کا تعین کیا جاسکے۔

تحقیق میں چاروں موسموں کے ڈیٹا کا موازنہ کیا گیا تھا۔

محققین نے کہا کہ صبح کے وقت چہل قدمی کرنے سے بے خوابی کے مسئلے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے اور یہ ایک آسان حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ بہت کم وقت ہی سورج کی روشنی میں گزارتے ہیں تو بھی جسم کی اندرونی گھڑی کا نظام بہتر ہوتا ہے اور اچھی نیند کا حصول آسان ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ تحقیق میں طالبعلموں کو شامل کیا گیا تھا مگر اس کے نتائج کا اطلاق ہر عمر کے افراد پر ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سورج کی روشنی ہمارے معمولات پر مصنوعی روشنی کے مقابلے میں زیادہ اثرات مرتب کرتی ہے۔

اب محققین کی جانب سے اس تحقیق کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف Pineal Research میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :