26 دسمبر ، 2022
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا فین 4 دن کا سفر طے کر کے موٹر سائیکل پر کراچی پہنچ گیا۔
ضلع اوکاڑہ کے چھوٹے سے گاؤں کا رہائشی پاکستان ٹیم کا فین اعجاز احمد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے موٹرسائکل پر چار روز کا مسلسل سفر طے کرنے کے بعد کراچی پہنچ گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز احمد کا کہنا تھا میں بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت پوری پاکستانی ٹیم کا فین ہوں، ان دونوں سے ملنے کا خواہشمند ہوں۔
اعجاز احمد کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان میں خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں اور دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں۔