28 دسمبر ، 2022
اگر یہ پوچھا جائے کہ دنیا میں لوگ سب سے زیادہ کس ویب سائٹ پر وزٹ کرتے ہیں تو بلاشبہ اس کا جواب گوگل ہی ہوگا۔
کیونکہ لوگ انٹرنیٹ پر کچھ بھی سرچ کرنے کے لیے گوگل کا ہی رخ کرتے ہیں۔
مگر حیران کن طور پر 2021 میں دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز گوگل کی بجائے ٹک ٹاک کے نام رہا تھا جبکہ گوگل اور فیس بک بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
ٹک ٹاک نے فروری 2021 میں پہلی بار سب سے مقبول ویب سائٹ کا اعزاز محض ایک دن کے لیے حاصل کیا، تاہم مارچ میں اس کے پاس یہ پوزیشن زیادہ دن تک برقرار رہی۔
مگر صحیح معنوں میں وہ اگست 2021 میں مقبول ترین ویب سائٹ بنی ۔
مگر 2022 میں ٹک ٹاک کی گوگل اور فیس بک کے خلاف بالادستی برقرار نہیں رہی۔
کلاؤڈ فلیئر کی 2022 کی مقبول ترین ویب سائٹس کی فہرست میں ایک بار پھر گوگل نے نمبرون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
گوگل کے بعد فیس بک دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ تیسرے پر ایپل اور ٹک ٹاک مشترکہ طور پر موجود ہیں۔
یوٹیوب 5 ویں نمبر پر رہی جس کے بعد چھٹا نمبر مائیکرو سافٹ کے حصے میں آیا۔
7 ویں پر ایمازون ویب سروسز، 8 ویں پر انسٹاگرام، 9 ویں پر ایمازون جبکہ 10 ویں پر آئی کلاؤڈ، نیٹ فلکس، ٹوئٹر اور یاہو رہے۔
جہاں تک 2022 کی مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹس کی بات ہے تو یہاں فیس بک نمبرون پوزیشن پر موجود ہے جس کے بعد ٹک ٹاک کا دوسرا نمبر ہے۔
انسٹاگرام تیسرے، ٹوئٹر چوتھے جبکہ اسنیپ چیٹ 5 ویں نمبر پر مقبول ترین سوشل میڈیا سائٹ رہی، مگر حیران کن طور پر عام ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ویب سائٹس دونوں فہرستوں کے ٹاپ 10 میں واٹس ایپ موجود ہی نہیں۔