Time 29 دسمبر ، 2022
پاکستان

شہباز گل کی گرفتاری روکنے کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد

قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے معاملے پر شہباز گل کی درخواست پر سندھ ہائی میں سماعت ہوئی__فوٹو: فائل
قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے معاملے پر شہباز گل کی درخواست پر سندھ ہائی میں سماعت ہوئی__فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی پولیس کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔

قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے معاملے پر شہباز گل کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف نئے کیسز کی فوری سماعت کی اجازت دیتے ہیں۔

جسٹس عرفان سعادت خان نے کہا کہ پہلے سے زیر سماعت مقدمے میں فوری سماعت کی استدعا منظور نہیں کی جاتی۔

عدالت نے شبہاز گل کے وکلا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روسٹر برانچ کے ذریعے درخواست دائر کی جائے۔

خیال رہے کہ شہباز گل نے سندھ میں درج مقدمات کالعدم قرار دینے کے  لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جب کہ عدالت نے شہباز گل کے خلاف کراچی میں درج مقدمات کی تفصیلات 17 جنوری کوطلب کر رکھی ہیں۔

اس حوالے سے شہباز گل نے کہا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، بیان سے متعلق مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہوچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے اسی لیے کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

مزید خبریں :