Time 30 دسمبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے آمدنی کا ایک اور ریکارڈ قائم کردیا

فلم دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کرچکی ہے / اسکرین شاٹ
فلم دنیا بھر میں ریکارڈ بزنس کرچکی ہے / اسکرین شاٹ

فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ نے باکس آفس پر بزنس کا ایک اور نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

یہ دنیا بھر میں ایک کروڑ ڈالرز (226 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بننے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

جیو فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی یہ فلم لاشاری فلمز اور انسائیکلو میڈیا نے پروڈیوس کی تھی۔

ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہونے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے اب تک پاکستان میں 42 لاکھ ڈالرز (95 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) بزنس کرلیا ہے یعنی بہت جلد یہ ملکی سرزمین ایک ارب روپے بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بھی بن جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان سے باہر دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے سب سے زیادہ بزنس برطانیہ میں کیا جہاں وہ 17 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی۔

درحقیقت دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2022 میں برطانیہ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی جنوبی ایشیائی فلم بھی ہے اور کوئی بھی بالی وڈ فلم اس کا مقابلہ نہیں کرسکی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اب اس فلم کو ترکیہ اور چین میں ریلیز کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :