01 جنوری ، 2023
اداکار اور ڈرامہ سیریل ’حبس‘ کے ڈائریکٹر مصدق ملک کا اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کا تجربہ نہ زیادہ اچھا تھا نہ زیادہ برا رہا۔
نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کےدوران میزبان کے سوال پر مصدق ملک نے انکشاف کیا کہ فیروز خان کے ساتھ کام کا تجربہ نہ بہت زیادہ اچھا تھا نہ برا، فیروز کی طرف سے کچھ کمٹمنٹ واضح نہیں تھی لیکن میں اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔
ڈائریکٹر مصدق ملک نے فیروز کے رویے پر مبہم انداز اپناتے ہوئے بتایا کہ ہمارے اداکاروں کی نوکری بہت سنجیدہ ہوتی ہے جبکہ کچھ اداکار اس نوکری کو سنجیدہ نہیں لیتے، ہمارے یہاں اداکار ڈائریکٹر کو ایسے لیتے ہے جیسے وہ سین کے ذریعے ہم پر احسان کر رہا ہے۔
ہدایتکار نے فیروز خان کے رویے سے متعلق بتایا کہ مختلف سین کیلئے فیروز کہتے تھے میں یہ نہیں کروں گا وہ نہیں کروں گا، وہ سین کو اپنی مرضی سے شوٹ کرانا چاہتے تھے، میں نے ان سے کہا بھی تھا کہ اگر چہ آپ اچھے اداکار ہو لیکن میں نے آج تک آپ کا اچھا کام نہیں دیکھا ہوا۔
مصدق ملک نے کہا کہ میں اس چیز کو سمجھتا ہوں کہ اس وقت فیروز مسائل سے گزر رہا تھا لیکن میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا، بس یہ جانتا ہوں کہ آپ جھوٹ نہ بولیں، اس کے باوجود میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ فیروز برا انسان ہے۔
ماضی میں علیزے سلطان کے تشدد کے حوالے سے انکشاف کے بعد شیئر کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ پر مصدق ملک کا کہنا تھا اس پوسٹ کی وجہ گھریلو تشدد تھا، گھریلو تشدد بالکل بھی برداشت نہیں کیونکہ میری پھوپھو کو میرے پھوپھا نے سوتے ہوئے قتل کردیا تھا، قتل تو دور کی بات اگر کوئی بھی خاتون اٹھ کر بولے نا میرے شوہر نے مجھے تھپڑ مارا ہے تو میں اس قسم کے تشدد کے بھی خلاف ہوں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ میں پوسٹ نہیں لکھنے والا تھا، میں نے اشنا سے بات کی تھی اور ہم نے باہمی فیصلہ کیا کہ ہم کچھ نہیں کہیں گے لیکن میں نے صبح پوسٹ لکھی اور پھر اشنا سے بات کی تو انھوں نے مجھ سے کہا کہ اپنی سینئر سے بات کرو اور آفس جاؤں وہ زیادہ بہتر سمجھ سکتے ہیں لیکن میں نے محسوس کیا کہ اگر میں پروڈکشن ہاؤس میں جاکر اس بات کو ڈسکس کروں تو میں کبھی یہ پوسٹ نہیں کروں گا اور وہ مجھے ٹھنڈا کردیں گے لہٰذا میں نے پوسٹ کے ذریعے سمجھانا چاہا کہ آپ اداکار کو کردار کے ساتھ مت الجھائیں۔