صنم سعید کی تازہ ویڈیو میں محب کیساتھ تصاویر، دونوں کی شادی کی افواہیں پھر سرگرم

گزشتہ دنوں معروف اداکار محب مرزا نے جیو کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی/ اسکرین گریب
گزشتہ دنوں معروف اداکار محب مرزا نے جیو کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی/ اسکرین گریب

اداکارہ صنم سعید کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ سے ان کی اداکار محب مرزا کے ساتھ دوسری شادی کی افواہوں نے زور پکڑ لیا۔

گزشتہ دنوں معروف اداکار محب مرزا نے جیو کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تو ان کے مداحوں نے ایک مرتبہ پھر ان کا نام صنم سے جوڑا، محب کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو اداکارہ نے بھی انسٹاگرام پر 2022 کی یادوں پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو شیئر کرتے ہی صارفین کی جانب سے تبصروں کی لائن لگ گئی اور صارفین نے کہا کہ اب ان کا شک یقین میں بدل گیا ہے کہ محب نے صنم سے ہی دوسری شادی کررکھی ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ وہ ایک شاندار سال گزر جانے پر شکر گزار ہیں، یہ سال انہوں نے بہت سے سبق سیکھ کر، صبر کرکے اور محبت سے گزارا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صنم کے ہمراہ زیادہ تر تصاویر میں اداکار محب مرزا ہیں۔

اس پوسٹ پر متعدد صارفین نے کمنٹس کیے اور اداکارہ کو شادی کی مبارکباد پیش کی جب کہ کچھ نے انہیں شادی کا باضابطہ اعلان کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2019 میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی آمنہ شیخ اور محب مرزا میں شادی کے 14 سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی۔

اداکارہ صنم سعید نے 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی جس کے بعد انہوں نے پاکستان چھوڑ دیا تھا تاہم کچھ ذاتی اختلافات کے باعث دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :