03 جنوری ، 2023
نیوزی لینڈ کے کرکٹر میٹ ہینری کا کہنا ہے کہ آج میرا بیٹنگ میں کافی اچھا دن تھا، جس طرح ہم نے پلان کے مطابق کھیلا میں اس سے مطمئن ہوں۔
کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کا آغاز 309 رنز 6 وکٹوں پر کیا لیکن اش سودھی شروعات میں ہی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل نے دسویں وکٹ پر 100 رنز کی پارٹنر شپ مکمل کی جس کے بعد اعجاز پٹیل کا شکار ابرار احمد نے کیا، کیویز کی جانب سے ڈیوڈ کونوے 122 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ میٹ ہینری نے 68 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میٹ ہینری نے کہا کہ پلان تھا کہ ابتدا میں کچھ شاٹس کھیلیں پھر فیلڈ پھیلنے کا فائدہ اُٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ جب پاکستان نے فیلڈ پھیلائی تو ہم نے اننگز کو طویل کرنے کا پلان کیا، ہمارا پلان اچھا رہا اور نیوزی لینڈ اس وقت اچھی پوزیشن میں ہے۔
میٹ ہینری کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھا لگ رہا ہے اور اگر آپ ٹھیک جگہ بولنگ کریں تو آپ کو بولنگ میں بھی مد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کل ہمارے لیے اہم دن ہے، پہلے سیشن میں وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، اگر ابتدا میں وکٹیں لیں تو پاکستان پر پریشر ڈال سکتے ہیں، اس وقت میچ میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل اور امام الحق کی شراکت اہم ہے، اس کا خاتمہ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان کی جانب سے امام الحق 74 اور سعود شکیل 75 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔