اکثر چلتے یا بھاگتے ہوئے جوتوں کے تسمے کھل کیوں جاتے ہیں؟

ایک تحقیق میں اس کا جواب دیا گیا / فائل فوٹو
ایک تحقیق میں اس کا جواب دیا گیا / فائل فوٹو

اگر آپ تسمے والے جوتے پہنتے ہیں تو اس کے ایک 'عجیب' مسئلے سے بخوبی واقف ہوں گے۔

یہ مسئلہ ہے چلنے پھرنے کے دوران اچانک تسموں کا کھل جانا۔

تو تسموں کی گرہ اچانک کھلنے کے پیچھے چھپا راز کیا ہے؟ اس کا جواب سائنس دانوں نے کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں دیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ تسموں کی گرہیں اچانک کھلنے کے پیچھے چھپی وجہ ہمارے پیروں کی قوت ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چلنے اور بھاگنے کے دوران غیرمتوقع پر طور بہت زیادہ قوت پیدا ہوتی ہے جو کہ کسی رولر کوسٹر سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

یہ قوت تسمے کی گرہ پر اثرانداز ہوکر اسے ڈھیلا کردیتی ہے۔

یعنی پہلے گرہ ڈھیلی ہونے لگتی ہے اور جب ایسا ہوجاتا ہے تو تسمے کھلنا شروع ہوجاتے ہیں۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں شامل ماہرین کے مطابق برسوں سے یہ چیز ہمیں حیران کررہی تھی کہ آخر ہر طرح کی گرہ استعمال کرنے کے باوجود جوتوں کے تسمے کھل کیوں جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کا جواب نہیں ملا تو ہم نے سلوموشن کیمرے کا سہارا لیا۔

اس مقصد کے لیےٹریڈ مل پر دوڑنے یا جاگنگ کرتے ہوئے ایک محقق کے  پیروں کی عکسبندی کی گئی تھی اور یہ بات سامنے آئی کہ دوڑنے کے دوران پیر زمین کی کشش ثقل کی قوت سے 7 گنا زیادہ قوت سے ٹکراتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہمارے جوتوں کے تسمے ہر قدم کے ساتھ پھیلنے لگتے ہیں،بار بار ایسا ہونے سے وہ ڈھیلے ہونے لگتے ہیں اور پھر کھل جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی گرہ بھی اس عمل کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوتی البتہ کچھ گرہوں کو کھلنے میں ذرا زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج کچھ عرصے پہلے جرنل پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی اے میں شائع ہوئے تھے۔

مزید خبریں :