Time 04 جنوری ، 2023
صحت و سائنس

مسلز مضبوط بنانے کا آسان ترین طریقہ جانتے ہیں؟

تحقیقی رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا گیا / فائل فوٹو
تحقیقی رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا گیا / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ مسلز کے حجم کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں یا ان کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں مگر روزمرہ کی مصروفیات کے باعث ورزش کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں؟

اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ روزانہ صرف چند منٹ سے بھی ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔

درحقیقت ایک تحقیق میں تو بتایا گیا ہے کہ ہفتے میں 5 دن روزانہ چند منٹ کے لیے ڈمبلز کو اوپر نیچے کرنا مسلز کو مضبوط بنانے کے لیے کافی ثابت ہوسکتا ہے۔

ہمیں ورزش کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟

ماہرین کی جانب سے ہر ہفتے 150 منٹ تک معتدل ورزش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

عمر بڑھنے کے ساتھ مسلز کے افعال کمزور ہوجاتے ہیں تو یہ ضرورت ہے کہ ٹانگوں، ہاتھوں اور دھڑ کے مسلز کو متحرک کرنے والی ورزشوں کو معمول بنایا جائے۔

مگر بیشتر افراد 150 منٹ تک کسی بھی قسم کی ورزش نہیں کرتے، ایسا اکثر وقت کی کمی، عزم سے محرومی یا سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

جسمانی طور پر زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، ذیابیطس، کینسر، ہڈیوں کی کمزوری، ڈیمینشیا، ڈپریشن اور انزائٹی کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مختصر وقت تک ورزش بھی مسلز مضبوط بناسکتی ہے

کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ زیادہ وقت تک بیٹھنے سے جسم کی مسلز کے حجم برقرار رکھنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق کچھ منٹ کی جسمانی سرگرمیوں جیسے 2 منٹ کی چہل قدمی یا اٹھک بیٹھک سے جسم کو کھانے میں موجود امینو ایسڈز کو زیادہ استعمال کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے مسلز کے لیے درکار پروٹینز بنتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ اگر ہم جسمانی طور پر متحرک ہوں تو ہمارا جسم زیادہ بہتر طریقے سے مسلز کو بنانے اور اسے برقرار رکھنے کا کام کرسکتا ہے۔

آسٹریلیا کی ایڈتھ کوون یونیورسٹی اور جاپان کی Nishi Kyushu یونیورسٹی کی ایک مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ محض ایک مہینے تک چند منٹ ورزش کے لیے نکالنا مسلز کو مضبوط بنانے کے لیے کافی ہوتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ لوگ سوچتے ہیں کہ ہفتے میں ایک یا 2 دن جم میں زیادہ دیر تک ورزش کرنا فائدہ مند ہوتا ہے مگر یہ خیال درست نہیں، روزانہ کچھ وقت کی ورزش کرنا عادت بنانا اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔

اگرچہ تحقیق میں صرف ہاتھوں کے مسلز کا جائزہ لیا گیا تھا مگر محققین نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ دیگر مسلز کو بھی یہی فائدہ ہوتا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جسمانی سرگرمیاں مختلف ہوسکتی ہیں مگر یہ ضروری ہے کہ انہیں معمول بنایا جائے۔

ایک اور تحقیق میں  میں بتایا گیا کہ جم میں 50 فیصد وقت کم لگا کر بھی مسلز کا حجم بڑھانا ممکن ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا کہ eccentric muscle contractions یعنی وزن کو اوپر نیچے کرنے والے ورزشیں مسلز کا حجم بڑھانے کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

درحقیقت محققین نے دریافت کیا کہ اس طرح کی ورزشوں سے مسلز کے حجم میں 50 فیصد کم وقت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

مستقل مزاجی اہم ہے

ماہرین کے مطابق تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر وزن اٹھانے والی ورزش نہیں کرسکتے تو روزانہ 5 منٹ ایروبک ورزشیں جیسے تیز چہل قدمی، جاگنگ، سوئمنگ اور سائیکل چلانا وغیرہ سے بھی صحت کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ورزش نہیں کرتے اور اس کے لیے وقت نکالنا بھی مشکل محسوس ہوتا ہے تو اپنی پسند کی کسی بھی ورزش کے لیے روزانہ محض چند منٹ مختص کرکے آغاز کریں۔

جب جسمانی فٹنس بہتر ہوجائے تو اپنے معمول میں مزید ورزشوں کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔

تو کیا آپ روزانہ ورزش کے لیے 5 منٹ نکالنے کے لیے تیار ہیں؟

مزید خبریں :