05 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آ ئی) جے شاہ پر طنز کیا ہے۔
جے شاہ نے آج ایشین کرکٹ کونسل کے زیر انتظام ہونے والے ٹورنامنٹس کا اعلان کیا تھا جس میں ایشیا کپ 2023 کا اعلان بھی شامل تھا جس کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے۔
جے شاہ کی اس ٹوئٹ پر نجم سیٹھی نے طنزیہ جواب دیا اور لکھا ’جے شاہ یک طرفہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ شیڈول کا اعلان کرنے پر شکریہ خاص طور پر ایشیا کپ 2023 کا جس کا میزبان پاکستان ہے، جب آپ یہ کر ہی رہے ہیں تو آپ ہمارے پی ایس ایل 2023 کا ڈھانچہ اور کیلنڈر بھی پیش کر سکتے ہیں، اس حوالے سے آپ کا فوری ردعمل قابل ستائش تصور کیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کر چکا ہے جس کے بعد ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہونے کا امکان ہے۔
تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ ایشیا کپ کی میزبانی بڑی کوششوں کے بعد ملی ہے اور ایشیا کپ پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل نہیں ہو سکتا، اگر بھارت ایشیا کپ میں ٹیم نہیں بھیجے گا تو پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ جے شاہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم رہنما اور موجودہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے ہیں۔