05 جنوری ، 2023
برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ 2019 میں ان کے بڑے بھائی شہزاہ ولیم نے ان پر حملہ کرتے ہوئے گریبان پکڑا اور انہیں فرش پر گرا دیا تھا۔
برطانوی اخبار گارجین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شہزادہ ہیری کی سوانح عمری'اسپیئر 'کی پیشگی کاپی دیکھی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق اسپیئر میں ہیری نے لکھا ہے کہ لندن کے گھر کے باورچی خانے میں بڑے بھائی ولیم کے ساتھ کسی بات پر مداخلت ہوئی جس کے بعد ولیم نے ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو بدتمیز کہا جس پر ان دونوں کی بحث ہوئی اور پھر انہیں ولیم نے فرش پر گرا دیا۔
ہیری نے کتاب میں مزید الزام لگایا ہے کہ ولیم نے ان کا گریبان پکڑا اور ان کے گلے میں پہنا ہوا ہار توڑ دیا جس کے بعد انہوں نے مجھے فرش پر گرایا، بعد میں ولیم اپنے عمل پر افسردہ اور معذرت خواہ نظر آرہے تھے۔
برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے ان الزامات پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی کتاب اسپیئر 10 جنوری کو ریلیز کی جا رہی ہے۔