کھیل
Time 06 جنوری ، 2023

کراچی ٹیسٹ میں سنچری: شاہد آفریدی نے سرفراز کے بارے میں کیا کہا؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا۔

ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈکے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنزبنائے، پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔

4 سال بعد ٹیم میں واپس آئے سرفراز احمد نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بناکر پاکستان کی جانب سے نمایاں رہے۔

سرفراز کی شاندار پرفارمنس پر جہاں ساتھی کھلاڑیوں نے ان کی تعریف کی وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی سرفراز احمد کو داد دی۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ' کیا بہترین ٹیسٹ ہوا، دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی جیت سکتی تھی، ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین تشہیر کے لیے اسی چیز کی  ضرورت ہے'۔

انہوں نے سرفراز کو شاندار سنچری بنانے پر سراہتے ہوئے کہا کہ' 4 سال بعد ٹیم میں واپس آکر دونوں میچز میں شاندار کارکردگی دکھانا آپ کے ٹیلنٹ اور قابلیت کی عکاسی کرتا ہے'۔


مزید خبریں :