کھیل
Time 07 جنوری ، 2023

سرفراز کو نظر انداز کر نیوالے آج خود نظر انداز ہو رہے ہیں، سسر سرفراز احمد

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کے سسر سید آفتاب علی شاہ کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی شاندار اننگز پر بے حد خوش ہوں، ہمیں پہلے بھی اپنے داماد کی پرفارمنس پر فخر تھا اور آج بھی اس نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

میچ کے بعد وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کے سسر سید آفتاب علی شاہ نے کہا کہ سرفراز  نے بہت کٹھن وقت گزارا ہے، اس کو نظر انداز کرنے والے لوگ آج خود نظر انداز ہو رہے ہیں، یہ سارے معاملات اللہ کی طرف سے ہوتے ہیں وہ جب جس کو عزت دینا چاہے، عزت دیتا ہے،سرفرازکی اس کامیابی میں اس کے والدین، کرکٹ فینز اور پوری قوم کی دعائیں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ،عبوری سلیکشن کمیٹی اور شاہد آفریدی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سرفراز کو کھیلنے کا موقع دیا اور صحافیوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کیونکہ وہ سرفراز کے حق میں بولتے رہے اور مکمل طور پر سپورٹ کرتے رہے ۔

سرفرازا حمد کے سسر کا کہنا ہے کہ میں جہاں بھی جاتاہوں لوگ مجھے سرفرازکے حوالے سے جانتے ہیں،مجھے بڑی عزت ملتی ہے، میرے لیے یہ قابل فخر لمحہ ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ سرفرازاحمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں 118رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا، ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈکے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنزبنائے، پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔

مزید خبریں :