Time 08 جنوری ، 2023
پاکستان

جماعت اسلامی کا کراچی میں بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

حکومت کی پوری کوشش ہے کہ انتخابات ملتوی کرائے جائیں: امیر جماعت اسلامی کراچی۔ فوٹو فائل
 حکومت کی پوری کوشش ہے کہ انتخابات ملتوی کرائے جائیں: امیر جماعت اسلامی کراچی۔ فوٹو فائل

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کراچی میں 15 جنوری کو  بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہےہیں لیکن حکومت کی پوری کوشش ہے کہ انتخابات ملتوی کرائے جائیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا ایم کیو ایم کا کندھا استعمال کرکے پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے حالات کی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں ہی شریک جرم ہیں، شہر کی بربادی میں سب کچھ ان ہی کا کیا دھرا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بدامنی کے خاتمے کے لیے رینجرز کو اختیارات دیے جائیں، بلدیاتی انتخابات 120 دن میں کرانا لازمی ہے لیکن ڈیڑھ سال کا وقت گزر گیا۔

مزید خبریں :