پاکستان
Time 08 جنوری ، 2023

’سرفراز پاکستان اور کراچی کا فخر ‘، حافظ نعیم سابق کپتان کے گھر مٹھائی لیکر پہنچ گئے

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں سرفراز  احمد کے شاندار کم بیک پر ساتھی کھلاڑیوں سمیت سیاسی شخصیات بھی ان کی شاندار اننگز کے فین ہوگئے، یہی وجہ ہے کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان بھی مٹھائی لیے سابق کپتان کے گھر پہنچ گئے۔

ٹوئٹر پر حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے سرفراز احمد کے گھر جاکر انھیں شاباشی دینے کے حوالے سے  ایک ویڈیو اور سیلفیاں شیئر کی گئی ہیں۔

ویڈیو میں حافظ نعیم کو سرفراز احمد سے ملاقات کرتے دیکھاگیا، ویڈیو میں حافظ نعیم کو سرفراز احمد سے کہتے سنا جاسکتا ہے ہم آپ کے پاس تیسری مرتبہ آئے ہیں، جب آپ چیمپئنز ٹرافی جیتے تھے تب ہم آپ کے پاس آئے، ایک مرتبہ آپ ہارے ہم جب آئے تھے جب کوئی نہیں آیا ہم تب بھی آئے، ہم نے کہا تھا ہم سرفراز بھائی کے ساتھ ہیں۔

دوران ملاقات حافظ نعیم الرحمٰان نے سرفراز احمد کیلئے دعا کرتے ہوئے کہ الحمد لِلّٰہ جس طرح آپ نے کراچی ٹیسٹ میں پرفارم کیا، اللّٰہ تعالیٰ آپ کو بہت ساری خوشیاں دے اور آپ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے، آپ نے ہمارے ملک اور شہر کا نام روشن کیا ہے، جس پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں، اللّٰہ تعالیٰ آپ کی پرفارمنس کو مزید بہتر بنائے اور آپ کو مزید عزت سے نوازے، ہم سب کیلئے خوشی کامقام ہوتا ہے جب کوئی کھلاڑی پاکستان کیلئے پرفارم کرتا ہے، آپ کراچی کی عزت ہیں، جس پر سرفراز احمد نے حافظ نعیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تصاویر میں حافظ نعیم کو سرفراز احمد کو مٹھائی دیتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، بعد ازاں ملاقات کی ویڈیو اور تصاویر امیر جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئیں جس کے ساتھ حافظ نعیم نے ٹوئٹ کی سرفراز پاکستان اور کراچی کا فخر ہیں، شاباش اور مبارکباد تو بنتی ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کو 4 سال بعد قومی ٹیم میں موقع ملا اور انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 335 رنز بنا کر اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر دیا ہے۔

مزید خبریں :