Time 10 جنوری ، 2023
کھیل

کرکٹ بورڈ ورلڈکپ تک آفریدی کو چیف سلیکٹر بنانے کا خواہشمند، لالہ کی عدم دلچسپی

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی کو خیر باد کہہ دیں گے : ذرائع/ فائل فوٹو
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی کو خیر باد کہہ دیں گے : ذرائع/ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ 2023 کے ورلڈکپ تک شاہد آفریدی کو بطور چیف سلیکٹر بنانے پر غور کررہا ہے لیکن شاہد آفریدی اس کے لیے رضامند نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی مزید ذمہ داریاں بڑھانے کا خواہشمند ہے اور بورڈ ورلڈکپ 2023 تک انہیں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں دینا چاہتا ہے، پی سی بی پی ایس ایل کے بعد اور سیریز سے قبل طویل المدتی تقرریاں کر لے گا۔

دوسری جانب  جنگ نیوز کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ  نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد شاہد آفریدی سلیکشن کمیٹی کو خیر باد کہہ دیں گے کیوں کہ شاہد اپنی  تمام تر توجہ اپنی چیریٹی فاؤنڈیشن پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

جنگ نیوز کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل المیعاد بنیادوں پر کام کرنا ممکن نہیں، کسی موقع پر پی سی بی کے ساتھ کا م کیا تو گراس روٹ لیول پر کروں گا۔

جنگ کے استفسار پر شاہد آفریدی نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میرے لیے مزید کام کرنا ممکن نہیں ہے، کوشش کررہا ہوں کہ جتنی دیر کام کروں ،کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو اور اہل کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا حصہ بنیں،  ہر کھلاڑی کے ساتھ خود رابطہ کررہا ہوں تاکہ رابطے کا فقدان ختم ہوسکے۔

مزید خبریں :