پاکستان
Time 13 جنوری ، 2023

ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن سے فرار کا الزام مسترد کردیا

نئی حلقہ بندیاں ہونے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے، میئر ان لوگوں کا کیوں نہ ہو جن کی آبادی زیادہ ہے: ایم کیو ایم رہنماؤں کی گفتگو— فوٹو: اسکرین گریب
نئی حلقہ بندیاں ہونے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے، میئر ان لوگوں کا کیوں نہ ہو جن کی آبادی زیادہ ہے: ایم کیو ایم رہنماؤں کی گفتگو— فوٹو: اسکرین گریب

متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے الیکشن سے فرار کا الزام مسترد کردیا اور کہا کہ نئی حلقہ بندیاں ہونے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے، میئر ان لوگوں کا کیوں نہ ہو جن کی آبادی زیادہ ہے۔

رابطہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد گفتگو میں فروغ نسیم نے کہا کہ جہاں ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تھا ان یوسیز میں زیادہ ووٹرز رکھ دیے گئے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو درست گنا جائے، تین کروڑ کے شہر کو ڈیڑھ کروڑ دکھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

 فیصل سبزواری نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ حلقہ بندیاں درست کیے بغیر بلدیاتی انتخابات غیرقانونی ہوں گے۔ ایم کیو ایم متحد اور شریف ضرور ہوئی ہے مگر کاغذی شیروں کو بھگانا جانتی ہے۔

 سینیٹرفروغ نسیم نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن واپس لیے جانے کے بعد کوئی حلقہ بندیاں نہیں رہیں، جس بنیاد پر الیکشن ہونا تھا وہ بنیاد ہی ختم ہوگئی ہے۔ ایم کیو ایم کے ووٹ بینک میں تین گنا زیادہ ووٹوں کی یوسیز بنائی گئی ہیں، میئر کے انتخاب میں ہماری آبادیوں کے ووٹ ایک تہائی کم کیے گئے تھے۔ 

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


مزید خبریں :