Time 13 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متلق فیصلہ کیا گیا/ فائل فوٹو
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متلق فیصلہ کیا گیا/ فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس سندھ حکومت کا 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے کا فیصلہ مسترد کردیا  گیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہےکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 15 جنوری کو ہی مکمل کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کا حکم نامہ

الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اپنے فیصلے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہےکہ سندھ حکومت کے نوٹی فیکشن ایس ایل جی اے قانون کی خلاف ورزی ہیں، صوبے میں دوسرے مرحلے کے انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے، چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں۔

الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ کراچی، حیدرآباد اور  ٹھٹھہ ڈویژن میں الیکشن کی تیاری مکمل ہے، بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں اور  الیکشن مواد کی بلک بریکنگ ہو چکی،  پولنگ اسٹاف کی تقرری ہو چکی،کمیشن  پولنگ کے لیے تیار ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہےکہ سندھ بلدیاتی قانون میں ہےکہ الیکشن شیڈول اعلان کے بعد حدود تبدیل نہیں ہو سکتی، پولنگ سے 2 روز قبل مقامی علاقوں کا نوٹیفکیشن واپس لینا آئین اور قانون کے منافی ہے، سندھ الیکشن کمشنرکے سروےکے مطابق دادو میں صورتحال پولنگ کے لیے سازگارہے۔


مزید خبریں :