15 جنوری ، 2023
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے اعلان پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا ردعمل سامنے آگیا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر افسوس ہوا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کیو ایم کراچی کی سیاست میں ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے ہماری خواہش تھی کہ ایم کیو ایم الیکشن کا حصہ بنتی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی پوری کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اپنے فیصلے پرنظرثانی کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخاب میں پہلے سے دھاندلی ہوچکی ہے، بلدیاتی الیکشن کوتسلیم کرنے سےانکار کرتےہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی پہلی ذمہ داری حلقہ بندیاں ہیں ، الیکشن کمیشن کو اُن کی کوتاہی پرتوجہ دلائی تو انہوں نےتوجہ نہیں دی، آج 15 جنوری تک انصاف کی کوشش کرتے رہے، صوبائی حکومت نےبھی الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں پر توجہ دلائی۔
ایم کیو ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے ووٹ کے احترام کیلئےکوششیں کامیاب ہوتی نظر نہیں آرہی، ہماری کوششیں میئرکیلئے نہیں شہر کی صحیح نمائندگی کیلئےتھیں۔