15 جنوری ، 2023
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے اعلان پر رد عملے دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہے کہ یہ اپنی شکست دیکھ کر الیکشن سے جا رہے ہیں۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کیلئے کراچی سے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو پارٹی 15 سال سے صوبے پر حکمران ہے، جو مسائل کا سبب ہے اس کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں، اگر ان کو جانا ہے تو حکومت سے بھی باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کو اختیار ہے جو چاہے کریں، خواہش تھی ایم کیو ایم الیکشن لڑتی تاکہ پتا چلتا کون کہاں کھڑاہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ آخری وقت تک کوشش کرتے رہے کہ انتخابات ملتوی ہو جائیں، ہمیں بھی حلقہ بندیوں، مردم شماری پر اعتراضات ہیں، تحفظات ہرکسی کو ہوتے ہیں،ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب بلدیاتی قانون بنا تب تو یہ ساتھ تھے پھر کہتے رہے کہ اختیارات نہیں ہیں، اگر الیکشن نہیں لڑتے تو انہیں حکومت سے بھی علیحدہ ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو کی جانب سے کراچی میں سب کےساتھ چلنےکی خواہش پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں بڑی پارٹی کے طورپرسامنے آئے گی، چاہیں گے کسی کی مدد کے بغیر کراچی میں حکومت بنائیں اسکے بعد سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیں گے۔