Time 16 جنوری ، 2023
پاکستان

ناصر محمود کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی

نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکریہ، لیکن میں نے عہدہ سنبھالنے سے معذرت کی ہے: ناصر محمود کھوسہ۔ فوٹو فائل
نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکریہ، لیکن میں نے عہدہ سنبھالنے سے معذرت کی ہے: ناصر محمود کھوسہ۔ فوٹو فائل

عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کردہ تین ناموں میں سے ایک ناصر محمود کھوسہ نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت، اصول پسندی اور دیانتداری مسلمہ ہے، بحیثیت بیوروکریٹ ان کا کردار قابل فخر ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے ناصر محمود کھوسہ سے رابطہ کیا کہ فریقین کی طرف سے متفقہ کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول کریں لیکن انہوں نے تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔

ناصر محمود کھوسہ نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا ان کا شکریہ، میں نے نگراں وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے 3 نام تجویز کیے تھے جن میں ناصر محمود کھوسہ، احمد نواز سکھیرا اور نصیر احمد خان شامل تھے۔

دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں پر اتفاق رائے کے لیے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے مقرر کردہ نمائندے ملک احمد خان نے بھی پرویز الٰہی سے رابطہ کر کے نگراں سیٹ اپ کے لیے ناموں پر مشاورت کی۔

مزید خبریں :