16 جنوری ، 2023
کراچی بلدیاتی الیکشن کے مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا بیان سامنے آیا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ نتائج کوتبدیل کیا جارہا ہے، ہماری اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن اورپیپلزپارٹی دھاندلی نہ کرے، ہمیں فارم 11 اور 12 نہیں دیا جارہا تھا، ہم 100 نشستوں پرجیت چکے ہیں، پیپلزپارٹی کی 70 سے 75 سیٹیں ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ مکمل نتائج جاری ہونے کے بعد پارٹی کا اجلاس بلالیا ہے، ہمیں ہروایا گیا ہے، پہلے ہمیں نمبر ون پارٹی تسلیم کریں پھربات چیت ہوگی، جو نتائج جاری ہوئے ہیں اس پر ہم پیپلزپارٹی سے بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مسئلہ حل ہوگا پھرپیپلزپارٹی سے بات ہوگی، آج ہی الیکشن کمشنر سندھ کے پاس جارہے ہیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے تحفظات ہیں تو وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔
الیکشن کمیشن نےکراچی کی تمام 235 یونین کونسلز(یوسیز) کےنتائج جاری کیے ہیں۔
نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جب کہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پرکامیابی ملی ہے جب کہ مسلم لیگ ن نے7، جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔
ان کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی پر اور آزاد امیدوار3 یوسیز پرکامیاب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 10 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے، ایک نشست پر پیپلزپارٹی کا چیئرمین پینل بلا مقابلہ جیت چکا ہے۔