پاکستان
Time 16 جنوری ، 2023

میئر کیلئے اتحاد کرنا پڑا تو جماعت اسلامی پہلی ترجیح ہوگی: ناصر حسین شاہ

میئر کیلئے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف دونوں سے رابطہ کریں گے لیکن پہلی ترجیح نمبرکی بنیاد پراپنا میئر بنانا ہوگی: حافظ نعیم— فوٹو: فائل
میئر کیلئے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف دونوں سے رابطہ کریں گے لیکن پہلی ترجیح نمبرکی بنیاد پراپنا میئر بنانا ہوگی: حافظ نعیم— فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے رابطے میں ہیں، اگر میئر کیلئے اتحاد کرنا پڑا تو جماعت اسلامی پہلی ترجیح ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار رہنما پاکستان پیپلزپارٹی ناصرحسین شاہ کی جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس حوالے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ میئر کیلئے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف دونوں سے رابطہ کریں گے لیکن پہلی ترجیح نمبرکی بنیاد پراپنا میئر بنانا ہوگی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نےکراچی کی تمام 235 یونین کونسلز(یوسیز) کےنتائج جاری کیے ہیں۔

نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جب کہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پرکامیابی ملی ہے جب کہ مسلم لیگ ن نے7، جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔

ان کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی پر اور آزاد امیدوار3 یوسیز پرکامیاب ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 10 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے، ایک نشست پر پیپلزپارٹی کا چیئرمین پینل بلا مقابلہ جیت چکا ہے۔

مزید خبریں :