'مجھے شہرت کیلئے کسی سیڑھی کی ضرورت نہیں تھی‘، طوبیٰ کی پہلی مرتبہ شادی اور طلاق پر تفصیلی گفتگو

جس وقت میری شادی ہوئی، میں کم عمر تھی، بہت سی چیزوں کا علم نہیں تھا جس کے باعث مجھے مشکلات پیش آئیں: پوڈ کاسٹ میں گفتگو/ اسکرین گریب
جس وقت میری شادی ہوئی، میں کم عمر تھی، بہت سی چیزوں کا علم نہیں تھا جس کے باعث مجھے مشکلات پیش آئیں: پوڈ کاسٹ میں گفتگو/ اسکرین گریب

اداکارہ و ماڈل طوبیٰ انوار نے پہلی مرتبہ کم عمری میں شادی اور پھر طلاق پر کُھل کر بات چیت کی ہے۔

 حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے طوبیٰ انوار نے اپنی شادی اور پھر طلاق سے متعلق بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ 'جس وقت میری شادی ہوئی، میں کم عمر تھی، بہت سی چیزوں کا علم نہیں تھا جس کے باعث مجھے مشکلات پیش آئیں'۔

طوبیٰ انوار نے اپنے انٹرویو میں عامر لیاقت حسین کا نام لینے سے گریز کیا اور کہا کہ 'شادی کا اعلان میں نے نہیں کیا تھا، کسی نے ہماری خبر لیک کی تھی، البتہ شادی خفیہ راز نہیں تھا لیکن ہم انتظار کررہے تھے کہ صحیح وقت آئے تو ہم اعلان کریں، ہم اس کے لیے تیار ہی نہیں تھے کہ کوئی ہم سے پہلے یہ خبر لیک کرے اور پھر لوگوں کا ردعمل جو آیا، ہم اس کے لیے بھی تیار نہیں تھے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے آن لائن ریپ اور قتل کی دھمکیاں دی گئیں، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں نے کیا غلط کیا ہے، میرا تعلق ایک اچھے اور پڑھے لکھے خاندان سے ہے، مجھے کوئی ضرورت نہیں کہ کسی کو پیسوں یا شہرت کے لیے سیڑھی بناتی، میرے والد نے مجھے دنیا کی ہر جگہ گھمائی ہے'۔

'گھر سے باہر نکلی تو پتا چلا کہ میاں بیوی میں جھگڑا بھی ہوتا ہے'

عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ نے کہا کہ 'ہمارے گھر کا ماحول بہت اچھا تھا، میں نے شروع سے والدین کو دیکھا جو میرے لیے آئیڈیل تھے، ان میں کبھی لڑائی نہیں ہوئی، جب میں گھر سے باہر نکلی اور کچھ فیملیز کو دیکھا تب پتا چلا کہ میاں بیوی میں جھگڑا بھی ہوتا ہے'۔

طوبیٰ نے بتایا کہ 'مجھے پیسوں کی کبھی کوئی کمی نہیں تھی، گولڈ ڈگر جیسے الزامات کی اس وقت سمجھ آتی جب میں وہاں (مرحوم عامر لیاقت کے گھر) سے کچھ لے کر نکلی ہوتی، لوگ کہتے ہیں پیسوں اور ٹی وی پر آنے کے لیے شادی کی، اس کے لیے شادی کی ضرورت نہیں ہوتی'۔

جب شادی ختم کی تو میں نے وقار اور عزت قائم رکھی: طوبیٰ

اداکارہ نے کہا کہ جب شادی کا تعلق ختم کیا تو پر وقار طریقے سے اسے اختتام تک پہنچایا، میرا ماننا ہے کہ جب آپ کسی کے ساتھ رزق کھاتے ہو،چائے پیتے ہو تو اس کی عزت رکھنی چاہیے، بھلے آپ کے تعلقات اس سے کتنے ہی خراب کیوں نا ہوں، آپ کو عزت رکھنی پڑتی ہے کیونکہ یہ آپ کی شخصیت ہے۔

طوبیٰ نے دبے الفاظ میں بتایا کہ طلاق کا فیصلہ انہوں نے لیا اور طلاق کے وقت والدین نے سپورٹ کیا لیکن اس وقت فیصلہ کرنے میں مشکل ہوئی کیونکہ جب فیصلہ آپ نے کرنا ہو تو یہ کٹھن مرحلہ ہوتا ہے '۔

طلاق کے وقت سے متعلق اداکارہ نے کہا کہ 'جب انسان نے کسی شخص کے ساتھ پوری زندگی کا سوچا ہو اور پھر وہ رشتہ ختم ہونے لگے تو ایسے لگتا ہے جیسے کوئی دل چیر رہا ہے اور پھر آپ اس شخص سے منسلک ہوتے ہیں'۔

ابھی کسی اور شخص سے تعلق کے لیے تیار نہیں ہوں: طوبیٰ انوار

میزبان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر شادی کرنے کے سوال پر طوبیٰ نے کہا کہ وہ ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہیں، ابھی مجھے خود پر کام کرنا ہے، میں چاہتی ہوں اگر میں کسی شخص سے تعلق میں رہوں تو ہم دونوں ایک دوسرے کی اچھائیوں پر کام کریں۔

انہوں نے کہا زندگی میں اگر کوئی شخص ایسا ملا جو اس قابل ہو کہ میرا ساتھ زندگی گزار سکے تو میں ضرور اس کے ساتھ تعلق بنانا چاہوں گی،لیکن فی الحال نہیں۔

واضح رہے کہ طوبیٰ انوار نے 2018 میں خاموشی سے مرحوم عامر لیاقت حسین سے شادی کی تھی جس کا اعلان عامر لیاقت نے 2020 میں کیا تھا۔

دونوں کے درمیان 2021 میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، بعدازاں فروری 2022 میں طوبٰی انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔

مزید خبریں :