واٹس ایپ میں اب کسی بھی فرد کو بلاک کرنا ہوگیا بہت آسان

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے / فائل فوٹو
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے / فائل فوٹو

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو بلاک کرنے کے نئے طریقہ کار کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

بہت جلد صارفین پش نوٹیفکیشنز کے ذریعے ہی کسی فرد کو بلاک کرسکیں گے۔

یعنی ایپ یا اس فرد کی چیٹ اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی مگر یہ فیچر آغاز میں محدود ہوگا۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر سے صرف ان واٹس ایپ صارفین کو ہی بلاک کرنا ممکن ہوگا جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوں گے۔

تو جب بھی کسی نامعلوم فرد کی جانب سے واٹس ایپ میسج کا نوٹیفکیشن موصول ہوگا تو آپ اسے بلاک کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارف کسی بھی فرد کو بات چیت شروع کیے بغیر ہی بلاک کرسکے گا جو اس ٹول کا بنیادی مقصد بھی محسوس ہوتا ہے۔

یہ فیچر ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں بلکہ واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں اس کی آزمائش کی جارہی ہے۔

اس لیے ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کو کب تک یہ فیچر دستیاب ہوگا مگر امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں واٹس ایپ کی جانب سے پراکسی سرور سپورٹ کا فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

اسی طرح بہت جلد کیپشن کے ساتھ میڈیا کو فارورڈ کرنے، اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ اسٹیٹس، کال اینڈ چیٹ انڈیکٹرز اور دیگر فیچرز کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :