18 جنوری ، 2023
پاکستانی اداکار فہد مرزا فیروز خان کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے قانونی نوٹس میں اپنا اور اہلیہ ثروت گیلانی سمیت متعدد شوبز شخصیات کا ذاتی نمبر دیکھ کر بھڑک اٹھے۔
گزشتہ روز فیروز خان کی جانب سے سابقہ اہلیہ علیزا سلطان سمیت متعدد شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا گیا جس میں فیروز نے خود پر لگائے جانے والے جھوٹے الزامات واپس نہ لینے اور معافی نہ مانگنے کی صورت اہلیہ علیزا سے 3 کروڑ اور متعدد شوبز شخصیات سے 2 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا۔
فیروز خان کی جانب سے قانونی دستاویز کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی تاہم اس دستاویز میں متعدد شوبز شخصیات کے ناموں سمیت ان کے ذاتی نمبر بھی درج تھے جو کہ شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگئے۔
بعد ازاں فیروز خان نے اس دستاویز کو اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا تاہم شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیروز پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
فہد مرزا نے انسٹا اسٹوری پر فیروز خان کے لیگل نوٹس کی تصویر شیئر کی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس بیوقوفی میں شامل نہیں ہونا چاہتا لیکن فیروز خان پاگل، انتقامی اور بیوقوف ہے، تمام اداکاروں کے ذاتی نمبرو ں کو شامل کرنا اور پھر پبلک کرنا احمقانہ ہے، بلا سوچے سمجھے دیے گئے اس عمل کے ذریعے فیروز خان نے ثابت کیا کہ وہ اعلیٰ درجے کا بیوقوف ترین شخص ہے اور مجھے یقین ہے جو کچھ بھی اس کی اہلیہ نے فیروز کیلئے کہا وہ یقیناًسچ ہے۔