Time 18 جنوری ، 2023
پاکستان

نارتھ ناظم آباد ٹاؤن یو سی 10 کا نتیجہ دوبارہ گنتی میں تبدیل ہوگیا

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج اب تک سامنے نہیں آسکے ہیں— فوٹو: فائل
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج اب تک سامنے نہیں آسکے ہیں— فوٹو: فائل

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج اب تک سامنے نہیں آسکے ہیں اور کئی یو سیز پر دوبارہ گنتی کی جا رہی ہے۔

اسی دوران ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن یو سی 10 کا نتیجہ دوبارہ گنتی میں تبدیل ہوگیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی میں یو سی 10 سے تحریک انصاف کا چیئرمین اور  وائس چیئرمین پینل کامیاب قرار پایا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق ابتدائی نتائج میں اس سیٹ پر جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن میں کراچی کی 6 یونین کونسلز میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بے ضابطگیوں پر نوٹس جماعت اسلامی کی درخواست پر لیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات بے ضابطگی کیس 23 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر (ڈی آر او)، ریٹرننگ افسر اور امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے نوٹس اورنگی کی یوسی 3، 7 اور 8 کے حوالے سے لیا ہے۔

اس کے علاوہ گلشن اقبال یو سی ایک میں بے ضابطگی پر بھی نوٹس لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :